اڈپی ،5؍ فروری (ایس او نیوز) اڈپی پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف اپنی کارروائی تیز کردی ہے جس کے تحت ایک آٹو رکشہ میں بیٹھ کر شمبرا برڈج کے پاس عام مقام پر گانجہ فروخت کرنے والے تین ملزمین کوگرفتار کرلیا گیا ہے۔
پولیس کے بیان میں گرفتار شدہ ملزمین کی شناخت مہاراشٹرا کے گوتم راجو شینمونگے، پنجاب کے جسویندر سنگھ اور برہماور کے رہنے والے کرشنا جالگر کے طور پر کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ ملزمین کے پاس سے 8 کلو گرام گانجہ بھی ضبط کیا ہے جس کی مالیت کا اندازہ 2.66 لاکھ روپے لگایا گیا ہے۔ منشیات فروشی کے لئے استعمال گیا رکشہ بھی ضبط کیا گیا ہے۔
اس مہم کو ایس پی وشنووردھن کی رہنمائی میں ایڈیشنل ایس پی کامر چندرا اور ڈی وائی ایس پی سدھاکر نائیک کی قیادت میں انجام دیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ منشیات فروشی کے خلاف اس کی مہم آئندہ بھی جاری رہے گی۔